تل ابیب / تہران: اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کی جانب سے اسرائیل پر میزائل داغے گئے ہیں، جس کے بعد وسطی اسرائیل سمیت مختلف علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں جبکہ خطرے کے سائرن بج اٹھے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایرانی میزائل حملے کے بعد وسطی اسرائیل میں دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی دفاعی نظام نے چار میزائلوں کو فضا میں تباہ کر دیا، تاہم مزید میزائلوں کی آمد جاری رہنے کی اطلاعات ہیں۔
اسرائیلی حکام کے مطابق حملے کے بعد ملک کے مختلف حصوں میں سائرن بجائے گئے، جس کے بعد شہریوں کو فوری طور پر محفوظ پناہ گاہوں میں منتقل ہونے کی ہدایت جاری کر دی گئی۔
فوج نے تصدیق کی ہے کہ فضائی دفاعی نظام کو فعال کر دیا گیا ہے اور ہنگامی الرٹس شہریوں کے موبائل فونز پر بھیجے گئے ہیں۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے میزائل فائر کیے جانے کے بعد حیفا اور شمالی علاقوں میں بھی سائرن بج اٹھے، جبکہ ملک بھر میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب عرب میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایران نے یہ کارروائی بیروت پر اسرائیلی حملے کے بعد کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : راولا کوٹ واقعہ پرامن احتجاج نہیں بلکہ منظم دہشتگردانہ کارروائی ہے، آئی جی آزاد کشمیر
ایرانی سپریم لیڈر کے مشیر محمد مخبر نے سوشل میڈیا پر بیان میں کہا ہے کہ “دشمن کو اس حملے کی بھاری قیمت چکانا ہوگی” اور طاقت کے جواب کا عندیہ دیا ہے۔
ادھر پاسداران انقلاب نے بھی خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیل نے لبنان پر حملے نہ روکے تو نتائج مزید سنگین ہوں گے۔
واضح رہے کہ یہ صورتحال ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اس سے قبل بیروت کے جنوبی مضافات پر اسرائیلی حملوں میں جانی نقصان کی اطلاعات سامنے آ چکی ہیں، جس کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ وہ آئندہ چند گھنٹوں کے لیے ہائی الرٹ پر ہے اور ممکنہ مزید حملوں کے پیش نظر دفاعی اقدامات جاری ہیں۔





