اسلام آباد: وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش کرنے کے لیے قومی اسمبلی کا اجلاس 10 جون کے بجائے 12 جون کو بلانے کی تیاری مکمل کر لی ہے۔
ذرائع کے مطابق اس حوالے سے مشاورت آخری مرحلے میں داخل ہو چکی ہے جبکہ وزارتِ پارلیمانی امور نے اجلاس طلب کرنے کی سمری وزیراعظم کو ارسال کر دی ہے۔
حکومتی اراکین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ جمعرات کی رات تک اسلام آباد پہنچ جائیں تاکہ بجٹ اجلاس میں شرکت یقینی بنائی جا سکے۔
اطلاعات کے مطابق بجٹ کس روز پیش کیا جائے گا، اس کا حتمی فیصلہ حکومت اور ایوانِ صدر کے درمیان مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ وفاقی بجٹ پہلے 5 جون کو پیش کیا جانا تھا تاہم بعد ازاں اسے 10 جون تک مؤخر کر دیا گیا تھا اور اب ایک مرتبہ پھر اس میں تاخیر کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستانی طلبہ کیلئے امریکا میں اسکالرشپ کا بڑا اعلان
ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی کا اجلاس مختصر نوٹس پر طلب کیا جائے گا جبکہ بجٹ پر بحث کا دورانیہ بھی محدود رکھنے کی تجویز زیر غور ہے۔
حکومت نے بجٹ کی منظوری سے متعلق تمام پارلیمانی مراحل ایک ہفتے کے اندر مکمل کرنے کی حکمت عملی تیار کر لی ہے تاکہ مالی معاملات میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔
حکومتی ذرائع کے مطابق انتظامیہ کی کوشش ہے کہ محرم الحرام کے آغاز سے قبل بجٹ کی منظوری کا عمل مکمل کر لیا جائے۔
اسی مقصد کے تحت پارلیمانی شیڈول کو مختصر رکھنے اور قانون سازی کے مراحل تیزی سے نمٹانے پر غور کیا جا رہا ہے۔ توقع ہے کہ آئندہ چند روز میں بجٹ اجلاس اور بجٹ پیشی کی حتمی تاریخ کا باضابطہ اعلان کر دیا جائے گا۔





