اسلام آباد: ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے امریکی تعاون سے جاری “یو ایس-پاک نالج کوریڈور پی ایچ ڈی اسکالر شپ پروگرام” کے تحت جی آر ای جنرل ٹریننگ کے لیے درخواستیں طلب کرلی ہیں، جس کا مقصد پاکستانی اور آزاد جموں و کشمیر کے باصلاحیت طلبہ کو امریکہ کی اعلیٰ جامعات میں پی ایچ ڈی تعلیم کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
ایچ ای سی کے مطابق یہ تربیتی پروگرام اسلام آباد، کراچی، کوئٹہ اور لاہور میں منعقد کیا جائے گا تاکہ ملک بھر کے امیدواروں کو یکساں مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
اعلامیے کے مطابق درخواست دینے کے لیے کم از کم 16 سالہ تعلیم اور مضبوط تعلیمی ریکارڈ لازمی قرار دیا گیا ہے۔ سرکاری اور پبلک سیکٹر میں فیکلٹی کے امیدواروں کے لیے عمر کی حد 40 سال مقرر کی گئی ہے جبکہ دیگر امیدواروں کے لیے زیادہ سے زیادہ عمر 35 سال رکھی گئی ہے۔
ایچ ای سی نے واضح کیا ہے کہ جی آر ای ٹریننگ حاصل کرنے والے امیدوار اگر ای ٹی ایس امتحان میں 300 سے زائد اسکور حاصل کرتے ہیں تو انہیں فیس ری ایمبرسمنٹ کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔ ایسے امیدوار بعد ازاں امریکہ کی اعلیٰ درجہ بندی رکھنے والی جامعات میں اسکالر شپ کے لیے بھی زیر غور آئیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : 10 لاکھ نوجوانوں کیلئے بڑی خوشخبری، اے آئی کی مفت ٹریننگ کا اعلان
یہ پروگرام پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلیمی تعاون کو فروغ دینے اور باصلاحیت طلبہ کو عالمی معیار کی اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کی ایک اہم کاوش ہے۔
درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 20 جون 2026 مقرر کی گئی ہے۔ مزید معلومات اور آن لائن درخواست کے لیے امیدوار ایچ ای سی کی ویب سائٹ سے رجوع کر سکتے ہیں۔





