دہشت گردوں سے مقابلے کے دوران شہید ہونے والے فیڈرل کانسٹیبلری (ایف سی) کے چھ اہلکاروں کی نمازِ جنازہ سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی ہے۔
شہدا کی نمازِ جنازہ پشاور میں فیڈرل کانسٹیبلری کے ہیڈ کوارٹر میں ادا کی گئی، جس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چودھری سمیت آئی جی فرنٹیئر کور نارتھ، آئی جی خیبرپختونخوا پولیس، آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری، کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی، ڈی جی ایف آئی اے، ڈی جی این سی سی آئی اے، کمشنر و ڈپٹی کمشنر پشاور اور دیگر اعلیٰ سول و عسکری افسران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
نمازِ جنازہ کی ادائیگی کے بعد وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور طلال چودھری نے شہداء کے لواحقین سے ملاقات کی، ان سے تعزیت کا اظہار کیا اور انہیں دلاسہ دیا۔
دونوں وفاقی وزرا نے وطن پر جان نچھاور کرنے والے شہید نائیک عامر، لانس نائیک محمد یوسف، لانس نائیک محمد ریاض، سپاہی اجمیر، سپاہی احسان اور سپاہی ریاض کی عظیم قربانی کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ورثا سے ہمدردی کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں امن کو نقصان پہنچانے والے عناصر کو ناکام بنایا جائے گا، محسن نقوی
اس موقع پر آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو افسوسناک واقعے کی تفصیلات اور سیکیورٹی اقدامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہدا کے لواحقین کے بلند حوصلے کو سراہا اور کہا کہ شہدا کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی اور قوم کے ان بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ حکومت اور ادارہ شہدا کے غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور انہیں کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
وزیر مملکت طلال چودھری کا کہنا تھا کہ پوری قوم دہشت گردی کے ناسور کے خلاف متحد اور یکسو ہے، اور امن دشمن عناصر کے مکمل خاتمے کے لیے جاری کارروائیاں مزید تیز اور مؤثر بنائی جائیں گی۔





