آئندہ 24 گھنٹے کے دوران موسم کیسا رہیگا؟ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی آگئی

آئندہ 24 گھنٹے کے دوران موسم کیسا رہیگا؟ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی آگئی

محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران ملک بھر میں موسم کی صورتحال کے حوالے سے نئی پیش گوئی جاری کر دی ہے جس کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا، تاہم کشمیر اور اس سے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کے لیے ایک اہم انتباہ جاری کرتے ہوئے الرٹ کیا ہے کہ نو سے بارہ جون کے دوران ملک کے بیشتر میدانی علاقوں کے درجہ حرارت میں بتدریج اور نمایاں اضافہ متوقع ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس لہر کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں دن کا درجہ حرارت معمول سے چار سے چھ ڈگری سینٹی گریڈ، جبکہ زیریں اضلاع اور میدانی علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے پانچ سے سات ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے، جس سے گرمی کی شدت مزید بڑھ جائے گی۔

موسم کی حالیہ صورتحال کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہا، جہاں سب سے زیادہ درجہ حرارت بلوچستان کے شہر سبی میں 49 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

اس کے علاوہ نور پور تھل اور دادو میں 48 ڈگری، جبکہ اوکاڑہ، بھکر، جیکب آباد، سکھر، روہڑی، خیرپور، تربت اور موہنج دڑو میں درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔

دیگر شہروں میں نوکنڈی، ڈی جی خان، سکھر اور نوابشاہ میں 46 ڈگری، بہاولپور اور ملتان میں 45 ڈگری، سرگودھا، ساہیوال اور ڈی آئی خان میں 44 ڈگری، جبکہ لاہور، فیصل آباد اور بنوں میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : گھر سے نکلنے سے پہلے جان لیں! آج موسم کیسا رہے گا؟ محکمہ موسمیات نے بتا دیا

اسی طرح پشاور میں 42 ڈگری، حیدرآباد میں 41 ڈگری، جبکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور مظفر آباد میں پارہ 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا۔

حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ شدید گرمی کے اوقات میں بلا ضرورت گھروں سے نکلنے سے گریز کریں اور پانی کا استعمال زیادہ سے زیادہ رکھیں۔

Scroll to Top