پی سی بی میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کی تیاری، اہم عہدوں پر ردوبدل متوقع

لاہور: پاکستان کرکٹ میں ایک بار پھر بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کی بازگشت سنائی دینے لگی ہے، جبکہ ٹیم کی قیادت، سلیکشن کمیٹی اور انتظامی ڈھانچے سے متعلق اہم فیصلوں پر غور جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق آنے والے دنوں میں پاکستان ٹیسٹ ٹیم کی قیادت میں تبدیلی کا امکان ہے اور موجودہ کپتان شان مسعود کی جگہ سلمان علی آغا کو ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سونپنے کی تجویز زیر غور ہے۔ اس حوالے سے مختلف سطحوں پر مشاورت جاری ہے اور حتمی فیصلہ متعلقہ حکام کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ٹیم کی کارکردگی میں بہتری اور مستقبل کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے انتظامی سطح پر بھی اہم تبدیلیوں پر غور کر رہا ہے۔

اسی سلسلے میں سلیکشن کمیٹی میں ردوبدل کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے اور ٹیم کی سلیکشن پالیسی کو مزید مؤثر اور بہتر بنانے کے لیے نئے چہروں کو شامل کرنے کی تجاویز زیر غور ہیں۔

مزید برآں سابق کپتان محمد حفیظ کا نام ڈائریکٹر انٹرنیشنل امور کے عہدے کے لیے زیر غور بتایا جا رہا ہے، جبکہ پاکستان کے سابق کپتان یونس خان کو بھی کسی اہم ذمہ داری سونپے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : بنگلادیش نے 21 سال بعد آسٹریلیا کو ون ڈے میچ میں شکست دے دی

ذرائع کے مطابق یونس خان کے ممکنہ کردار کے حوالے سے مشاورت جاری ہے اور اس بارے میں حتمی فیصلہ آئندہ اجلاسوں میں متوقع ہے۔

واضح رہے کہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی زیر صدارت جمعہ اور ہفتہ کو اہم اجلاس منعقد ہوں گے، جن میں قومی ٹیم کی کارکردگی، مستقبل کی حکمت عملی اور انتظامی امور پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ان اجلاسوں کے دوران متعدد اہم ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں، جنہیں پاکستان کرکٹ کے مستقبل کے حوالے سے نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ ان مشاورتوں کے بعد قومی ٹیم کے ڈھانچے اور انتظامی معاملات سے متعلق اہم فیصلے سامنے آ سکتے ہیں۔

Scroll to Top