کرک: شہید پولیس اہلکار نصیر اللہ کی نمازِ جنازہ سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا

کرک: شہید پولیس اہلکار نصیر اللہ کی نمازِ جنازہ پولیس لائن کرک میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔ نمازِ جنازہ میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کرک عمران خان، ضلعی انتظامیہ کے افسران، پولیس حکام، جوانوں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کے جسدِ خاکی کو سلامی پیش کی جبکہ ڈی پی او کرک عمران خان، اسسٹنٹ کمشنر اور دیگر اعلیٰ حکام نے تابوت پر پھولوں کے گلدستے رکھ کر شہید کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

ڈی پی او کرک عمران خان نے نمازِ جنازہ کے موقع پر شہید کے صاحبزادے کو گلے لگا کر تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ شہید کے اہلِ خانہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سولر سسٹم لگوانے سے پہلے یہ خبر ضرور پڑھیں، ورنہ نقصان ہوسکتا ہے

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہید پولیس اہلکار نصیر اللہ کے قاتلوں کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور انہیں کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔

بعد ازاں شہید کے جسدِ خاکی کو مکمل سرکاری پروٹوکول اور عزت و احترام کے ساتھ ان کے آبائی علاقے روانہ کر دیا گیا جہاں انہیں مقامی رسم و رواج کے مطابق کل صبح سپردِ خاک کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ شہید پولیس اہلکار نصیر اللہ کو تحت نصرتی کے نواحی علاقے محبت خیل الگڈہ میں نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر کے شہید کر دیا تھا۔ وہ ڈسٹرکٹ سکیورٹی برانچ کرک میں فرائضِ منصبی انجام دے رہے تھے۔

Scroll to Top