وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی سی ایم ایچ پشاور آمد، زخمی اہلکاروں کی عیادت، جذبہ قربانی کو خراج تحسین پیش کیا

پشاور میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سی ایم ایچ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پاک فوج اور فیڈرل کانسٹیبلری کے زخمی اہلکاروں کی عیادت کی۔

وفاقی وزیر داخلہ فرداً فرداً زخمی اہلکاروں کے پاس گئے، ان کی خیریت دریافت کی اور ان کے جذبے، فرض شناسی اور حوصلے کو سراہا۔ اس موقع پر انہوں نے اہلکاروں کے بلند حوصلے کی بھی تعریف کی۔

محسن نقوی نے کہا کہ اہلکاروں نے جوانمردی کے ساتھ فتنہ الخوارج کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔ ان کے مطابق یہ اہلکار قوم کے ہیرو ہیں اور پوری قوم کو ان پر فخر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایسے بہادر سپوتوں کی موجودگی میں دشمن کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہو سکتی۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر داخلہ محسن نقوی کا پولیس ہیڈ کوارٹرز پشاور کا دورہ، بنوں کے15شہداء کے اہلخانہ سے ملاقات

دورے کے دوران وفاقی وزیر داخلہ نے زخمی اہلکاروں کے علاج معالجے سے متعلق ڈاکٹرز سے تفصیلی بریفنگ بھی لی۔

اس موقع پر خیبرپختونخوا حکومت کے چیف سیکرٹری شہاب علی اور آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری نذیر احمد گاڑا بھی موجود تھے۔

Scroll to Top