وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے وفاقی وزیر مواصلات کو این-95 کالام روڈ کی خستہ حالی پر مراسلہ ارسال کر دیا ہے جس میں سڑک کی فوری مرمت اور بحالی کے اقدامات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
مراسلے کے مطابق این-95 کالام روڈ 2022 کے سیلاب کے دوران سات مختلف مقامات پر شدید متاثر ہوئی تھی جس کے بعد کیے گئے عارضی بحالی کے کام کے باوجود سڑک کے متعدد حصے دوبارہ خراب ہو چکے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے اپنے مراسلے میں کہا ہے کہ خستہ حال سڑک کے باعث مقامی آبادی، سیاحوں اور ٹرانسپورٹرز کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ این-95 پر سفر اس وقت خطرناک اور انتہائی دشوار ہو چکا ہے۔
مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ کالام ملک کے اہم سیاحتی مقامات میں شامل ہے، لہٰذا اس تک محفوظ اور بلا تعطل رسائی کو یقینی بنانا ضروری ہے، وزیراعلیٰ نے زور دیا کہ سڑک پر باقی ماندہ تعمیراتی کام سیاحتی سیزن سے قبل فوری طور پر مکمل کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: پشاور ہائی کورٹ کا این ایچ اے کو ہزارہ موٹر وے کا مرمتی کام تین ماہ میں مکمل کرنے کا حکم
انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اگر اس منصوبے میں مالی یا انتظامی رکاوٹیں درپیش ہیں تو فوری طور پر این او سی جاری کیا جائے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ این-95 کالام روڈ کی بحالی علاقائی رابطوں، سیاحت کے فروغ اور عوامی سہولت کے لیے ناگزیر ہے۔





