وفاقی کابینہ نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کی منظوری دیدی

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی دارالحکومت میں وفاقی کابینہ کا ایک اہم اور خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں نئے مالی سال کے لیے بجٹ دستاویزات کے مسودے کی حتمی منظوری دے دی گئی ہے۔

کابینہ اجلاس کے دوران سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کی تجاویز پر تفصیلی غور و خوض کیا گیاجس کے بعد ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 7 فیصد اضافے کی منظوری دے دی گئی۔

اس کے علاوہ اجلاس میں ایک اہم فیصلہ یہ بھی کیا گیا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں پہلے سے شامل سال 2022 کا 15 فیصد ایڈہاک ریلیف اور سال 2025 کا 10 فیصد ایڈہاک ریلیف اب بنیادی تنخواہ میں مستقل طور پر ضم کر دیا جائے گا۔

وفاقی کابینہ سے اس اہم بجٹ مسودے کی منظوری ملنے کے فوری بعد وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب قومی اسمبلی کے اجلاس میں نئے مالی سال کا وفاقی بجٹ پیش کرنے کے لیے روانہ ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں : وزیراعظم نے مالی سال 27-2026 کے وفاقی بجٹ کی دستاویزات پر دستخط کر دیے

وزیراعظم شہباز شریف نے کابینہ کے اس خصوصی اجلاس کے دوران مالی سال 27-2026 کے بجٹ کی تیاری میں بھرپور تعاون فراہم کرنے پر تمام اتحادی جماعتوں کا شکریہ ادا کیا اور اس کے ساتھ ہی آئی ایم ایف کی معاونت پر بھی اظہار تشکر کیا۔

اجلاس کے اختتام پر وفاقی وزرا اور وزرائے مملکت نے روایتی انداز میں ڈیسک بجا کر وزیراعظم کی پالیسیوں اور بجٹ اقدامات کی بھرپور تائید و حمایت کا اظہار کیا۔

Scroll to Top