وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال کے لیے پیٹرولیم لیوی کی مد میں 1676 ارب 50 کروڑ 90 لاکھ روپے وصول کرنے کا ہدف مقرر کر دیا ہے۔
بجٹ دستاویزات کے مطابق نان ٹیکس ریونیو کی مد میں مجموعی آمدن کا ہدف 5335 ارب روپے رکھا گیا ہے جبکہ موبائل ہینڈ سیٹ لیوی سے 14 ارب روپے وصول کرنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
دستاویزات کے مطابق اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے مختلف فیسوں کی وصولیوں کا ہدف 27 ارب 51 کروڑ روپے مقرر کیا گیا ہے جبکہ ائیرپورٹ فیس کی مد میں 7 کروڑ 20 لاکھ روپے آمدن متوقع ہے۔
بجٹ دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ پی ٹی اے سرپلس سے ایک ارب 30 کروڑ روپے حاصل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جبکہ فور جی اور فائیو جی اسپیکٹرم سے 27 ارب 68 کروڑ روپے آمدن کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وفاقی بجٹ :تنخواہ اور پنشن میں اضافے کا اعلان
اسی طرح صوبوں سے مارک اپ کی مد میں 100 ارب 80 کروڑ روپے وصول کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے جبکہ سرکاری اداروں اور دیگر ذرائع سے مارک اپ کی مد میں 170 ارب 85 کروڑ روپے حاصل ہونے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
دستاویزات کے مطابق ڈیویڈنڈ کی مد میں 130 ارب 38 کروڑ روپے اور گیس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس کی مد میں 2343 ارب روپے وصول کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔





