کے پی میں دہشتگردی جاری ہے ، افواج پاکستان مقابلہ کررہی ہیں ، وزیراعظم

کے پی میں دہشتگردی جاری ہے ، افواج پاکستان مقابلہ کررہی ہیں ، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ این ایف سی میں بلوچستان کا حصہ 100 فیصد بڑھا دیا، صوبوں کے حقوق ان کا حق ہیں۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی بقا اور ترقی صوبوں کے حقوق اور انصاف کی فراہمی سے جڑی ہوئی ہے، اور قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) میں بلوچستان کا حصہ 100 فیصد بڑھا دیا گیا ہے۔

قومی اسمبلی میں بجٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ تمام معزز اراکین پارلیمنٹ قابل احترام ہیں اور ایوان میں چاروں صوبوں کی نمائندگی موجود ہے، جہاں ہر رکن اپنے اپنے وژن اور سیاسی سوچ کے ساتھ پاکستان کی خدمت کر رہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ہے تو ہم سب ہیں، اور صوبوں کے لیے معاشی وسائل ان کا آئینی اور قانونی حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان ایک خوبصورت اور غیور عوام کا صوبہ ہے، جس کے حقوق کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن کو ایک بار پھر مذاکرات کی باضابطہ دعوت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بات چیت کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور تمام سیاسی جماعتوں کو میثاقِ معیشت اور میثاقِ جمہوریت کی طرف بڑھنا چاہیے تاکہ ملک میں سیاسی اور معاشی استحکام لایا جا سکے۔

انہوں نے واضح کیا کہ این ایف سی ایوارڈ میں بلوچستان کا حصہ 100 فیصد بڑھانا کسی پر احسان نہیں بلکہ انصاف کا تقاضا ہے، اور اس فیصلے میں تمام صوبوں نے کردار ادا کیا ہے، جبکہ پنجاب نے بھی اپنے حصے میں فراخدلی کا مظاہرہ کیا۔

وزیراعظم نے بتایا کہ بلوچستان کے کسانوں کے لیے اربوں روپے کے سولر پینلز فراہم کیے گئے ہیں تاکہ زرعی شعبے کو فروغ دیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ برابری اور انصاف کے بغیر کوئی نظام کامیابی سے نہیں چل سکتا، اور چاروں صوبوں کی یکساں ترقی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ وزیراعظم نے گوادر سے چمن تک شاہراہ کی تعمیر پر 300 ارب روپے سے زائد خرچ کیے جانے کا بھی ذکر کیا۔

ملکی سلامتی کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کے واقعات قابل مذمت ہیں، اور ان کے پیچھے موجود عناصر کو شکست دینا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے افسران اور جوان قربانیاں دے رہے ہیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ شہداء قوم کے مستقبل کو محفوظ بنانے والے ہیرو ہیں، اور ان کی قربانیوں کا احترام ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ دہشتگردی کے خلاف غفلت کی کوئی گنجائش نہیں اور قوم اس پر ہمیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔

Scroll to Top