خیبر پختونخوا میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے لیے نیا قانون نافذ

خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے بھر میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے انعقاد کے لیے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس کی پیشگی منظوری کو لازمی قرار دے دیا ہے۔

ڈائریکٹریٹ سپورٹس کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق متعلقہ اتھارٹی کی اجازت کے بغیر منعقد ہونے والا کوئی بھی کھیلوں کا ایونٹ غیر قانونی اور غیر مجاز تصور کیا جائے گا۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ تمام ریجنل اور ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسرز جو اپنے علاقوں میں کسی بھی قسم کی کھیلوں کی سرگرمی منعقد کرنا چاہتے ہیں، انہیں مقررہ فارم پر مکمل کیس تمام ضروری دستاویزات کے ساتھ منظوری کے لیے جمع کرانا ہوگا۔

ہدایت نامے کے مطابق ہر کھیلوں کی سرگرمی کو مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم (MIS) کے “ایونٹ مینجمنٹ” سیکشن میں بھی اپ لوڈ کرنا لازمی ہوگا۔ منظوری کے لیے بھیجے جانے والے کیس میں کھلاڑیوں کی مکمل فہرست شامل کرنا ضروری قرار دیا گیا ہے۔

مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ تمام شریک کھلاڑیوں کی آفیشل MIS پورٹل پر پیشگی رجسٹریشن لازمی ہوگی، جبکہ کھلاڑیوں کو فراہم کیے جانے والے معاوضے، کٹس، ایوارڈز، ٹرافیز اور میڈلز کا ریکارڈ بھی اسی پورٹل پر متعلقہ کھلاڑی کے نام کے ساتھ درج کیا جائے گا۔

حکام کے مطابق ان اقدامات کا مقصد کھیلوں کی سرگرمیوں میں شفافیت، نگرانی اور ریکارڈ کے مؤثر نظام کو یقینی بنانا ہے۔ مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ پیشگی منظوری کے بغیر منعقد ہونے والی کسی بھی سرگرمی کو غیر قانونی تصور کیا جائے گا

Scroll to Top