اسلامیہ کالج یونیورسٹی کے ہاسٹل میں طالب علم کی مبینہ خودکشی کا واقعہ پیش آیا ہے۔
اسلامیہ کالج یونیورسٹی کے ٹرائبل ہاسٹل میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں سیکنڈ ایئر کے طالب علم زاہد کی مبینہ طور پر لاش برآمد ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق واقعہ ہاسٹل کے کمرہ نمبر 29 میں پیش آیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی طالب علم کا تعلق درہ آدم خیل سے تھا۔ واقعے کا انکشاف اس وقت ہوا جب ایک ساتھی طالب علم نے کمرہ اندر سے بند پایا، جس پر دروازہ کھولا گیا تو اندر سے طالب علم کی لاش ملی۔
پولیس نے واقعے کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے اور تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ واقعے کی اصل وجوہات معلوم کی جا سکیں۔
یہ بھی پڑھیں:بنوں میں افسوسناک واقعہ، ایک ہی خاندان کے 4 چراغ گل ہوگئے
ذرائع کے مطابق زاہد کالج کے بہترین ایتھلیٹ تھے اور مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں متعدد میڈلز بھی حاصل کر چکے تھے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کی ہر پہلو سے تفتیش جاری ہے۔





