بیرون ملک سفر کے شوقین افراد کے لیے بڑی خوشخبری

اسلام آباد: پاکستان سے یورپ، مشرق وسطیٰ، آسٹریلیا اور دیگر بین الاقوامی مقامات کا سفر کرنے والے مسافروں کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے، وفاقی بجٹ 2026-27 میں بزنس کلاس ہوائی ٹکٹوں پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی میں نمایاں کمی کی تجویز دی گئی ہے۔

بجٹ دستاویزات کے مطابق امریکا جانے والے بزنس کلاس مسافروں کے لیے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی 3 لاکھ 50 ہزار روپے سے کم کرکے 50 ہزار روپے کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جس سے بین الاقوامی ہوائی سفر کے اخراجات میں واضح کمی متوقع ہے۔

اسی طرح مشرق وسطیٰ اور افریقی ممالک کے لیے بزنس کلاس ٹکٹوں پر ڈیوٹی ایک لاکھ 5 ہزار روپے سے کم کرکے 25 ہزار روپے کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔

یورپی ممالک کے لیے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی 2 لاکھ 10 ہزار روپے سے کم کرکے 40 ہزار روپے جبکہ مشرق بعید اور آسٹریلیا جانے والی پروازوں کے لیے بھی ڈیوٹی 40 ہزار روپے مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سابق رکن صوبائی اسمبلی ملک غلام حیدر تھند انتقال کر گئے

حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد ہوا بازی کے شعبے کو فروغ دینا، بین الاقوامی سفر کو آسان بنانا اور مسافروں پر مالی بوجھ کم کرنا ہے۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کا کہنا ہے کہ مجوزہ کمی سے فضائی سفر کی طلب میں اضافہ ہوگا اور ایوی ایشن انڈسٹری کو بھی تقویت ملنے کی توقع ہے۔

Scroll to Top