پاکستان نے امریکہ، ایران کو اہم مقام تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا، بیرونس چیپمین

لندن: برطانوی پارلیمنٹ کے ایوانِ بالا ہاؤس آف لارڈز میں امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور امن کی کوششوں میں پاکستان کے کردار کو سراہا گیا ہے۔

برطانوی اراکینِ پارلیمنٹ نے پاکستان کی سفارتی کوششوں اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کے کردار کو اہم قرار دیا۔

ہاؤس آف لارڈز میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر ہونے والی بحث کے دوران پاکستان کی جانب سے خطے میں مذاکرات کے فروغ اور کشیدگی میں کمی کے لیے کی جانے والی سفارتی کوششوں کا خصوصی ذکر کیا گیا۔

بحث کے دوران برطانوی اراکین پارلیمنٹ نے کہا کہ عالمی تنازعات کے حل کے لیے سفارتی رابطے اور مذاکرات انتہائی اہم ہیں، جبکہ پاکستان نے امریکہ اور ایران کے درمیان معاملات کو بہتر سمت میں لے جانے کے لیے مثبت کردار ادا کیا۔

برطانوی حکومت کی نمائندگی کرتے ہوئے بیرونس چیپمین آف ڈارلنگٹن نے بھی پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ اور ایران کو موجودہ مقام تک پہنچانے میں پاکستان نے کلیدی کردار ادا کیا ہے اور سفارتی سطح پر اہم خدمات انجام دی ہیں۔

اس موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف کی سفارتی کوششوں کا بھی ذکر کیا گیا۔ لارڈ باربر آف چٹل ہیمپٹن نے برطانوی حکومت سے مطالبہ کیا کہ امن کی کوششوں میں کردار ادا کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف کو مبارکباد دی جانی چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں : امریکہ ایران مذاکرات میں پاکستان بنیادی ثالث ہے، قطر کی جانب سےپاکستان کے کلیدی کردار کی بھرپور تعریف

جواب میں بیرونس چیپمین نے کہا کہ پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے اچھا کام کیا ہے اور وہ تعریف کے مستحق ہیں۔

ہاؤس آف لارڈز میں اظہار خیال کرتے ہوئے لارڈ احمد آف ومبلڈن نے بھی پاکستان کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایوان پاکستان کی اہم سفارتی کوششوں کو تسلیم کرے گا۔

لارڈ احمد نے پاکستان اور قطر کی جانب سے امن اور مذاکرات کے لیے فراہم کی جانے والی معاونت پر بھی شکریہ ادا کیا اور اردو زبان میں اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا:

“پاکستان کا بہت بہت شکریہ”

برطانوی پارلیمنٹ میں پاکستان کے کردار کو سراہا جانا عالمی سفارتی سطح پر اسلام آباد کی کوششوں کے اعتراف کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

Scroll to Top