بھارتی پروازوں کیلئے پاکستانی فضائی حدود کی بندش میں توسیع

اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی پروازوں کیلئے اپنی فضائی حدود کی بندش میں مزید توسیع کر دی ہے، جس کے تحت بھارتی طیارے 24 جولائی 2026 تک پاکستانی فضائی حدود استعمال نہیں کر سکیں گے۔

پاکستان ایئر پورٹس اتھارٹی کی جانب سے فضائی حدود کی بندش سے متعلق نیا نوٹم جاری کیا گیا ہے، جس میں پابندی کی مدت میں مزید ایک ماہ کی توسیع کی گئی ہے۔

نوٹم کے مطابق بھارتی رجسٹرڈ کمرشل اور فوجی طیاروں کے پاکستان میں داخلے پر پابندی برقرار رہے گی۔ بھارتی پروازوں کیلئے پاکستانی فضائی حدود 24 جولائی 2026 کو صبح 5 بجے تک بند رہے گی۔

حکام کے مطابق یہ پابندی صرف بھارتی ایئرلائنز تک محدود نہیں ہوگی بلکہ بھارت کی جانب سے لیز پر حاصل کیے گئے طیارے، بھارتی شہریوں کی ملکیت والے یا بھارتی اداروں کے زیرِ انتظام چلنے والے طیارے بھی اس پابندی کے دائرے میں شامل ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں : جوڈیشل کمیشن میں اہم فیصلوں کی تیاری، اجلاس کا شیڈول جاری

یاد رہے کہ پاکستان نے بھارتی طیاروں کیلئے فضائی حدود 23 اپریل 2025 سے بند کر رکھی ہے، جس کے باعث بھارتی ایئرلائنز کو طویل روٹس اختیار کرنے پڑ رہے ہیں اور انہیں اضافی اخراجات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

فضائی حدود کی بندش کو خطے کی صورتحال کے تناظر میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ اس فیصلے کے اثرات دونوں ممالک کی فضائی آمدورفت پر برقرار ہیں۔

Scroll to Top