افغان طالبان کے ڈرون حملوں سے متعلق دعوے بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہیں، وزارت اطلاعات

وزارتِ اطلاعات نے افغان طالبان کی جانب سے ڈرون حملوں سے متعلق کیے گئے دعوؤں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور حقائق کے منافی قرار دیا ہے۔

وزارتِ اطلاعات کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان افغان طالبان کے ان دعوؤں کو مسترد کرتا ہے اور انہیں گمراہ کن پروپیگنڈا سمجھتا ہے۔

بیان کے مطابق ایک ڈرون پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوا تھا جسے پاکستانی فضائی دفاعی نظام نے بروقت نشانہ بنا کر ناکارہ کر دیا۔ وزارتِ اطلاعات کا کہنا ہے کہ ڈرون کو فوری طور پر تباہ کر دیا گیا تھا۔

وزارتِ اطلاعات نے کہا کہ دہشت گرد تنظیموں کے مراکز افغان سرزمین پر موجود ہیں اور افغان طالبان گمراہ کن بیانات کے ذریعے اصل حقائق سے توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بنوں: مبینہ ڈرون حملے کے نتیجے میں خواتین سمیت 8 افراد زخمی

بیان میں مزید کہا گیا کہ غلط معلومات اور بے بنیاد دعوؤں سے زمینی حقائق تبدیل نہیں کیے جا سکتے۔ وزارتِ اطلاعات کے مطابق پاکستان کا فضائی دفاعی نظام مکمل طور پر فعال، مؤثر اور ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔

وزارتِ اطلاعات نے واضح کیا کہ قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رہیں گے اور ملک کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

Scroll to Top