اسلام آباد: پٹرولیم ڈویژن کے ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ حکومت نے پٹرول پر عائد پٹرولیم لیوی میں نمایاں کمی جبکہ ڈیزل پر لیوی میں اضافہ کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پٹرول پر فی لیٹر لیوی 40 روپے 49 پیسے کم کر دی گئی ہے، جس کے بعد پٹرول پر لیوی 106 روپے 74 پیسے سے کم ہو کر 66 روپے 25 پیسے فی لیٹر مقرر ہو گئی ہے۔
دوسری جانب ہائی اسپیڈ ڈیزل پر پٹرولیم لیوی میں 19 روپے 71 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔ ڈیزل پر لیوی 53 روپے 26 پیسے سے بڑھا کر 72 روپے 97 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔
پٹرولیم ڈویژن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پٹرول اور ڈیزل دونوں پر اوسط لیوی 80 روپے فی لیٹر سے کم سطح پر آ گئی ہے، جبکہ دونوں مصنوعات پر مجموعی لیوی 139 روپے 22 پیسے فی لیٹر بنتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی، نوٹیفکیشن جاری
ذرائع کے مطابق رواں مالی سال کے دوران پٹرولیم لیوی کا مقررہ ہدف حاصل ہونے کے بعد مجموعی طور پر لیوی میں کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ حکومت نے حال ہی میں پٹرول کی قیمت میں 74 روپے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 67 روپے فی لیٹر سے زائد کمی کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد عوام کو ایندھن کی قیمتوں میں نمایاں ریلیف ملا ہے۔





