پشاور، قیمتوں میں اضافے کے باوجود ہزاروں ادویات مارکیٹ سے غائب، مریض مشکلات کا شکار

ادویات کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود پشاور میں ہزاروں اقسام کی ادویات مارکیٹ سے غائب ہوگئی ہیں جس کے باعث مریضوں اور ان کے اہل خانہ کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

ذرائع کے مطابق نایاب ہونے والی ادویات میں مختلف کمپنیوں کی گولیاں، انجکشن، ویکسین اور شربت شامل ہیں، جو مختلف بیماریوں کے علاج میں استعمال ہوتے ہیں۔

میڈیسن مارکیٹ میں ادویات کی عدم دستیابی کے باعث مریض مطلوبہ علاج سے محروم ہو رہے ہیں جبکہ بعض مقامات پر محدود دستیاب ادویات زائد قیمتوں پر فروخت کیے جانے کی بھی اطلاعات ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ادویات کی قلت کے باعث مارکیٹ میں ایرانی اور بھارتی ادویات کی فروخت میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جن میں بعض جان بچانے والی ادویات بھی شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کروڑوں روپے کی ادویات غیر معیاری قرار، پشاور میں میگا اسکینڈل نے تہلکہ مچا دیا

ادویات کی عدم دستیابی کے باعث مریضوں کو متبادل ادویات تجویز اور فراہم کی جا رہی ہیں تاہم شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ادویات کی فراہمی کو یقینی بنانے اور ناجائز منافع خوری کے خلاف مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

Scroll to Top