شیراز احمد شیرازی
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) نےسینیٹر ڈاکٹر زرقا کو پارٹی پالیسی سے متصادم بیانات پر شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے آزاد جموں و کشمیر سے متعلق دیے گئے بیانات پر وضاحت طلب کر لی گئی ہے۔
یہ شوکاز نوٹس چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان کے دستخط سے جاری کیا گیا۔
نوٹس میں سینیٹ فلور پر دی گئی تقریر کو بنیاد بناتے ہوئے سینیٹ میں دیے گئے بیان کو پارٹی مؤقف سے متصادم قرار دیا گیا ہے اور آزاد کشمیر کے عوام سے متعلق استعمال کی گئی زبان پر سخت اعتراض اٹھایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ میڈیا پر دیے گئے بعد ازاں بیانات کو بھی اس شوکاز نوٹس کا حصہ بنایا گیا ہے۔
شوکاز نوٹس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ذاتی آراء کو پارلیمانی پلیٹ فارم سے پیش کر کے پارٹی بیانیے کو نقصان پہنچایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی کے رہنما کا سرکاری سامان پر قبضہ، جھاڑو اور بیلچے بھی ساتھ لے گئے
نوٹس میں ہدایت کی گئی ہے کہ قومی اہمیت کے حساس معاملات پر پارٹی مؤقف کی پابندی کی جائے اور حساس قومی و علاقائی معاملات پہلے پارٹی فورم پر اٹھائے جائیں۔
پارٹی قیادت نے سینیٹر ڈاکٹر زرقا سے سات روز میں تحریری جواب طلب کرتے ہوئے آئندہ غیر مجاز بیانات سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔





