وزیر مملکت بیرسٹر عقیل نے کہا ہے کہ پڑوسی ملک ایران کے ساتھ تجارت کی بحالی کا براہِ راست فائدہ ملکی عوام کو پہنچے گا جس سے پاکستان میں تیل اور گیس کی قیمتوں میں نمایاں کمی آئے گی۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ ایران پر سے پابندیاں ہٹنے کی صورت میں ملک سے گیس کی قلت کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ ہو جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر ایرانی صدر مسعود پزشکیان کل اپنے دورہ پاکستان پر پہنچ رہے ہیں، جبکہ امریکہ اور ایران کے درمیان ثالثی کا سہرا وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کے سر جاتا ہے۔
وزیرِ مملکت نے سیاسی مخالفین کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا کہ قومی اداروں کے سربراہوں کو نشانہ بنانے سے گریز کیا جائے اور تمام تر سیاسی گفتگو صرف سیاسی پلیٹ فارمز پر ہی ہونی چاہیے۔
ملک میں بے روزگاری اور روزگار کے مواقع پر بات کرتے ہوئے بیرسٹر عقیل نے واضح کیا کہ حکومت اس وقت اسکلڈ لیبر فورس (ہنر مند افرادی قوت) کی تیاری پر تیزی سے کام کر رہی ہے اور اب عوام کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ وہ جدید ہنر حاصل کریں۔
یہ بھی پڑھیں : ایران کو خام تیل اور پیٹرولیم مصنوعات فروخت کرنے کی اجازت مل گئی
انہوں نے کہا کہ بغیر کسی ہنر کے اب بیرونی ممالک بھی پاکستانیوں کو روزگار دینے کے لیے تیار نہیں ہیں اس لیے اگر کسی کے پاس ہنر نہیں ہے تو وہ اسے سیکھے کیونکہ حکومت اس سلسلے میں تمام مواقع فراہم کر رہی ہے۔
سیاسی ماحول پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اپوزیشن کو کئی بار مذاکرات کی دعوت دے چکے ہیں اور سب جانتے ہیں کہ تالی ہمیشہ دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے تاہم سیاسی ڈیڈ لاک میں کسی حد تک برف پگھلی ہے اور اب دیکھنا یہ ہوگا کہ آگے چل کر اس میں کتنی پیشرفت ہوتی ہے۔





