اسلام آباد: ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان آج پاکستان کے سرکاری دورے پر پہنچیں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ایرانی صدر وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر پاکستان آ رہے ہیں، جبکہ ان کے ہمراہ وزراء اور اعلیٰ حکام پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی ہوگا۔
ترجمان کے مطابق دورے کے دوران ایرانی صدر صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی اور نائب وزیراعظم سے ملاقاتیں کریں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق صدر کا منصب سنبھالنے کے بعد ڈاکٹر مسعود پزشکیان کا یہ پاکستان کا دوسرا دورہ ہے۔ ملاقاتوں میں تجارت، توانائی، بارڈر سیکیورٹی اور علاقائی روابط کے فروغ سمیت مختلف امور پر بات چیت ہوگی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ دورے کے دوران “اسلام آباد مفاہمت کی یادداشت” کے بعد سفارتی امور کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
دفتر خارجہ کے مطابق ایرانی صدر کا دورہ دونوں ممالک کے تاریخی اور ثقافتی تعلقات کے ساتھ ساتھ خطے میں امن و استحکام کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : آبنائے ہرمز پر ایران امریکا کشیدگی، ٹرمپ کا اہم بیان سامنے آگیا
واضح رہے کہ ایرانی صدر کے دورہ پاکستان کا اعلان ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کے پہلے دور کی تکمیل کے بعد کیا گیا تھا، جس کے تحت فریقین نے مذاکرات کی نگرانی کیلئے اعلیٰ سطحی کمیٹی کے قیام اور حتمی معاہدے کیلئے 60 روزہ روڈ میپ پر اتفاق کیا تھا۔
مذاکرات کے بعد قطر اور پاکستان کی جانب سے جاری مشترکہ اعلامیے کے مطابق ایران امریکا تکنیکی مذاکرات شروع کرنے، آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کی آمدورفت کیلئے رابطہ لائن قائم کرنے اور ایٹمی پروگرام و پابندیوں سے متعلق ورکنگ گروپس تشکیل دینے پر اتفاق ہوا۔
یاد رہے کہ مذاکرات سے قبل ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا تھا کہ مخالف فریق بھی ایران کے یورینیم افزودگی کے حق کو تسلیم کرنے پر مجبور ہو چکا ہے۔





