ڈیلاس: فیفا ورلڈ کپ 2026 میں ارجنٹینا نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریا کو 0-2 سے شکست دے کر راؤنڈ آف 32 میں جگہ بنا لی۔
گروپ جے کے میچ میں ارجنٹینا کی جانب سے لیونل میسی نے دونوں گول اسکور کیے اور ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔ یہ ٹورنامنٹ میں ارجنٹینا کی مسلسل دوسری کامیابی ہے۔
میچ کے 39ویں منٹ میں لیونل میسی نے گول کر کے ارجنٹینا کو برتری دلائی۔ اس سے قبل ارجنٹینا کو ایک پنالٹی بھی ملی تھی، تاہم ٹیم اس موقع سے فائدہ اٹھانے میں ناکام رہی۔
دوسرے ہاف میں آسٹریا نے مقابلے میں واپسی کی کوشش کی، لیکن ارجنٹینا کے مضبوط دفاع اور گول کیپر ایمیلیانو مارٹینیز نے حریف ٹیم کی تمام کوششیں ناکام بنا دیں۔
میچ کے اختتامی لمحات میں لیونل میسی نے ایک اور گول داغ کر اسکور 0-2 کر دیا، جس کے فوراً بعد ریفری نے میچ کے اختتام کا اعلان کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں : فیفا ورلڈ کپ کے دلچسپ مقابلے جاری، نیدرلینڈز نے سویڈن کو 1-5 سے آؤٹ کلا س کردیا
اس فتح کے ساتھ ارجنٹینا نے نہ صرف اہم تین پوائنٹس حاصل کیے بلکہ ورلڈ کپ کے اگلے مرحلے، راؤنڈ آف 32، کیلئے بھی کوالیفائی کر لیا۔
دوسری جانب لیونل میسی نے ایک نیا عالمی ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا۔ آسٹریا کے خلاف دو گولز کی بدولت ورلڈ کپ مقابلوں میں ان کے مجموعی گولز کی تعداد 18 ہو گئی، جس کے ساتھ انہوں نے جرمنی کے میروسلاو کلوزے کا 16 گولز کا ریکارڈ توڑ دیا۔
میسی اب فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول کرنے والے فٹبالر بن گئے ہیں، جبکہ میروسلاو کلوزے 16 گولز کے ساتھ دوسرے اور برازیل کے رونالڈو 15 گولز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔





