ایرانی صدر مسعود پزشکیان پاکستان کے 1 روزہ دورے پر تہران سے روانہ

ایرانی صدر مسعود پزشکیان پاکستان کے 1 روزہ دورے پر تہران سے روانہ

ایرانی صدر مسعود پزشکیان ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچ رہے ہیں جہاں وہ صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم سمیت اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کرینگے۔

تفصیلات کے مطابق ایرانی صدر مسعود پزشکیان ایک روزہ سرکاری دورے پر تہران سے پاکستان کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔ یہ دورہ خطے میں سفارتی روابط کے فروغ اور باہمی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کی کوششوں کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔

ترجمان دفترخارجہ طاہر حسین اندرابی کے مطابق ایرانی صدر اپنے دورے کے دوران صدرمملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سے اہم ملاقاتیں کریں گے، جن میں دو طرفہ تعلقات سمیت علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ترجمان نے بتایا کہ مسعود پزشکیان نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی سے بھی ملاقات کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں پارلیمانی روابط، اقتصادی تعاون اور سفارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے امکانات پر غور کیا جائے گا۔

دفتر خارجہ کے مطابق ایرانی صدر کا بطور صدر پاکستان کا یہ دوسرا دورہ ہے، جسے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں تسلسل اور اعتماد کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔

دورے کے دوران پاکستان اور ایران کے درمیان تجارت، توانائی، سرحدی تعاون اور عوامی روابط کے فروغ پر تفصیلی بات چیت متوقع ہے۔ اس کے علاوہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (MoUs) پر پیشرفت اور علاقائی و عالمی صورتحال بھی مذاکرات کا اہم حصہ ہوگی۔

ذرائع کے مطابق فریقین دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیں گے اور مستقبل میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کیے جائیں گے، جس سے خطے میں استحکام اور اقتصادی شراکت داری کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔

Scroll to Top