ڈرائیونگ لائسنس کے خواہشمند افراد کیلئے بڑی سہولت متعارف، اہم اعلان

شہریوں کے لیے ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کا عمل مزید آسان بنانے کے لیے اہم اقدام اٹھا لیا گیا، لاہور کے سرکاری ہسپتالوں میں میڈیکل فٹنس سرٹیفیکیٹ کی مفت سہولت شروع کر دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق حکام نے ڈرائیونگ لائسنس کے لیے درکار میڈیکل فٹنس سرٹیفیکیٹ کے حصول کو آسان بنانے کے لیے لاہور کے 13 سرکاری ہسپتالوں میں خصوصی میڈیکل فٹنس سینٹرز قائم کر دیے ہیں۔

چیف ٹریفک آفیسر لاہور کے مطابق ابتدائی مرحلے میں شہر کے مختلف سرکاری ہسپتالوں میں یہ مراکز فعال کر دیے گئے ہیں، جہاں شہری بغیر کسی اضافی فیس کے میڈیکل فٹنس سرٹیفیکیٹ حاصل کر سکیں گے۔

حکام کے مطابق ان مراکز میں ڈی ایچ کیو میاں میر ہسپتال، ڈی ایچ کیو میزنگ، جنرل ہسپتال غازی آباد، تحصیل ہیڈ کوارٹرز سبزہ زار، گورنمنٹ ہسپتال سمن آباد، قلعہ گجر سنگھ، شاہدرہ، بلال گنج، سوڈیوال، کاہنہ، رائیونڈ، سوامی نگر سمیت دیگر ہسپتال شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : بجٹ ملازمین کو ایک تنخواہ بطور بونس دینے کا فیصلہ

سی ٹی او لاہور کے مطابق کمرشل ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے والے افراد اور 50 سال سے زائد عمر کے درخواست گزاروں کے لیے میڈیکل فٹنس سرٹیفیکیٹ لازمی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ شہریوں کی سہولت اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے جعلی میڈیکل سرٹیفیکیٹس کی روک تھام کی غرض سے جدید ڈیجیٹل ویری فکیشن سسٹم بھی متعارف کرایا جا رہا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف شہریوں کو آسانی میسر آئے گی بلکہ ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کے عمل میں بھی تیزی اور بہتری پیدا ہوگی۔

Scroll to Top