پی ٹی اے نے موبائل صارفین کے لیےضروری ہدایات جاری کر دیں

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے موبائل فون اور سوشل میڈیا صارفین کے لیے دو الگ الگ اہم اور ہنگامی الرٹ جاری کرتے ہوئے غیر قانونی مواد کی شیئرنگ اور غیر ملکی سموں کے استعمال پر سخت ترین وارننگ جاری کر دی ہے۔

پی ٹی اے حکام کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق شہریوں کو سوشل میڈیا کا استعمال ذمہ داری سے کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ انٹرنیٹ پر توہینِ رسالت، اسلام و ریاست مخالف بیانیے، فحش مواد اور جھوٹی خبریں (فیک نیوز) پھیلانا سنگین قانونی جرم ہے۔

صارفین کو سختی سے تنبیہ کی گئی ہے کہ وہ اس قسم کے کسی بھی غیر قانونی مواد کو آگے شیئر کرنے سے مکمل گریز کریں۔

اس کے ساتھ ہی شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ اگر وہ انٹرنیٹ پر ایسا کوئی بھی مواد دیکھیں تو اس کی فوری اطلاع پی ٹی اے اور ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ (NCCIA) کو دیں۔

دوسری جانب، پی ٹی اے نے ملک بھر میں غیر ملکی سموں کے استعمال کے بڑھتے ہوئے رجحان کو روکنے کے لیے ایک ہنگامی عوامی آگاہی الرٹ بھی جاری کیا ہے۔

اتھارٹی کا کہنا ہے کہ پاکستان کی حدود میں غیر ملکی سموں کو چٹ چیٹ یا کسی بھی مقصد کے لیے استعمال کرنا قانوناً ممنوع ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پی ٹی اے نے موبائل صارفین کوبڑی خوشخبر ی سنادی

حکام نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ ان غیر ملکی سموں کے ذریعے کی جانے والی کالز اور پیغامات کے نتیجے میں صارفین کا انتہائی حساس ذاتی اور مالی ڈیٹا چوری ہو سکتا ہے۔

پی ٹی اے نے مزید واضح کیا کہ ان سموں کا استعمال نہ صرف ڈیٹا ہیکنگ اور بڑے مالیاتی فراڈ کا خطرہ بڑھاتا ہے بلکہ ایسا کرنے والے صارفین سنگین قانونی پیچیدگیوں اور کارروائی کی زد میں بھی آ سکتے ہیں۔

Scroll to Top