چارسدہ میں پولیس سٹیشن سرڈھیری کی حدود میں رقم کے لین دین کے تنازع پر فائرنگ کا ہولناک واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق ویلج کونسل ناظم وہاب جاں بحق جبکہ ان کے بھائی شدید زخمی ہو گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق دونوں فریقین کے مابین پیسوں کے معاملے پر تلخ کلامی ہوئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے مسلح تصادم کی شکل اختیار کر لی۔ فائرنگ کے اس تبادلے میں سابق ناظم وہاب موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ ان کے بھائی گولیوں کی زد میں آکر شدید زخمی ہوئے۔
فائرنگ کے تبادلے کے دوران دوسرے فریق یعنی مخالف پارٹی سے بھی دو افراد گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : چارسدہ: مختلف واقعات میں خاتون سمیت 3 افراد قتل، ایک لاش برآمد
واقعے کی اطلاع ملتے ہی سرڈھیری پولیس کی بھاری نفری فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور پورے علاقے کو گھیراؤ میں لے لیا۔
پولیس نے لاش اور تمام زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔





