سابق ممبر قانون ساز اسمبلی مسلم لیگ (ن) میں شامل

اسلام آباد: سابق رکن قانون ساز اسمبلی آزاد کشمیر چودھری شہزاد نے اپنے اہلخانہ اور ہزاروں سیاسی ساتھیوں سمیت پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کر لی۔

چودھری شہزاد نے اسلام آباد میں وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور صدر مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا انجینئر امیر مقام سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، جہاں انہوں نے باضابطہ طور پر مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔

اس موقع پر رکن قومی اسمبلی ملک ابرار اور خیبرپختونخوا اسمبلی کے رکن شاہ جہاں یوسف بھی موجود تھے۔

وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے چودھری شہزاد کو پارٹی مفلر اور کیپ پہنا کر مسلم لیگ (ن) میں شمولیت پر خوش آمدید کہا اور انہیں مبارکباد پیش کی۔

یہ بھی پڑھیں : یومِ عاشور حق، انصاف، اتحاد اور قربانی کا ابدی پیغام ہے، صدر اور وزیراعظم

چودھری شہزاد نے اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کی مرکزی اور آزاد کشمیر کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ قائد مسلم لیگ (ن) میاں محمد نواز شریف، وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف، صدر مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا انجینئر امیر مقام اور مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کی قیادت کی رہنمائی میں پارٹی کے وژن کو آگے بڑھانے اور عوامی خدمت کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ وہ پارٹی کو مزید مضبوط بنانے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔

Scroll to Top