مستونگ میں ہائی پروفائل حملے کے خدشات کے پیش نظر سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کلی پڈہ، شمالی مستونگ میں انٹیلی جنس بنیاد پر کارروائی کی، جس کے دوران ایک مکان میں دھماکہ ہونے کے بعد پانچ دہشت گردوں کی لاشیں برآمد کر لی گئیں، جبکہ بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی قبضے میں لے لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق مستونگ میں ہائی پروفائل حملے کی ممکنہ منصوبہ بندی سے متعلق اطلاعات موصول ہونے پر سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے کلی پڈہ کے ایک حصے اور ایک غیر آباد مکانات کے کمپلیکس کا محاصرہ کیا۔ کارروائی کے دوران علاقے کی فضائی نگرانی کے لیے وی ٹی او ایل بھی استعمال کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محاصرے کے دوران ایک مکان کے اندر دھماکہ ہوا۔ بعد ازاں تلاشی کے دوران ابتدائی طور پر یہ بات سامنے آئی کہ سیکیورٹی فورسز کی موجودگی اور محاصرے کے باعث ایک مبینہ خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔
کارروائی کے دوران پانچ مبینہ دہشت گردوں کی لاشیں برآمد ہوئیں، جبکہ ایک مشتبہ خودکش حملہ آور کے اعضا بھی موقع سے ملے۔
ذرائع کے مطابق موقع سے دو ہینڈ ہیلڈ وائرلیس سیٹس، 15 یو بی جی ایل راؤنڈز، اسمال آرمز کا گولہ بارود، تین سب مشین گنز، ایک ایم فور رائفل، دو نائٹ سائٹس، ایک ایس ٹی او ایس ڈیوائس، بڑی مقدار میں دھماکا خیز مواد، اور دو پروباکس گاڑیاں بھی برآمد کی گئیں، جنہیں مبینہ طور پر بارود سے بھری گاڑیوں کے طور پر استعمال کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی تھی۔
ابتدائی اندازوں کے مطابق مکان کے اندر ممکنہ طور پر 6 سے 8 دیسی ساختہ بم بھی موجود ہیں، جنہیں ناکارہ بنانے کے لیے بم ڈسپوزل ٹیم کو طلب کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق علاقے کا محاصرہ بدستور جاری ہے اور مکمل سرچ اور کلیئرنس کا عمل بھی جاری ہے۔
ابتدائی جائزے کے مطابق مبینہ دہشت گرد مستونگ اور گرد و نواح میں ہائی پروفائل حملے، جن میں ممکنہ طور پر ہیڈکوارٹر یا پولیس تنصیبات شامل ہو سکتی تھیں، کی تیاری کر رہے تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے نتیجے میں یہ منصوبہ ممکنہ طور پر ناکام بنا دیا گیا۔