رات کی کھانسی کبھی نظر انداز نہ کریں، خطرناک بیماری کی علامت

ماہر صحت ڈاکٹر وسیم جمالی نے خبردار کیا ہے کہ رات کے وقت بار بار یا مسلسل آنے والی کھانسی کو معمولی مسئلہ سمجھ کر نظر انداز کرنا خطرناک ثابت ہو سکتا ہے، کیونکہ یہ دمے، الرجی یا پھیپھڑوں سے متعلق دیگر بیماریوں کی ابتدائی علامت ہو سکتی ہے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر وسیم جمالی نے کہا کہ مسلسل یا بار بار ہونے والی کھانسی کو سنجیدگی سے لینا چاہیے، کیونکہ بروقت تشخیص نہ ہونے کی صورت میں بیماری پیچیدہ شکل اختیار کر سکتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بعض اوقات بچوں میں طویل عرصے تک جاری رہنے والی کھانسی کی وجہ دمہ یا نمونیا نہیں بلکہ سانس کی نالی میں پھنسی کوئی بیرونی شے بھی ہو سکتی ہے۔

انہوں نے ایک مثال دیتے ہوئے بتایا کہ ایک بچے کا تقریباً ڈیڑھ سال تک دمے اور نمونیا کا علاج جاری رہا، تاہم بعد میں معائنے کے دوران اس کی سانس کی نالی سے چھالیہ کا ایک چھوٹا ٹکڑا نکالا گیا، جس کے بعد کھانسی مکمل طور پر ختم ہو گئی۔

ڈاکٹر وسیم جمالی کے مطابق بچوں میں شام یا رات کے وقت بار بار کھانسی آنا دمے کی ابتدائی علامات میں شامل ہو سکتا ہے، اس لیے والدین کو چاہیے کہ ایسی علامات کو نظر انداز کرنے کے بجائے فوری طور پر مستند معالج سے رجوع کریں۔

یہ بھی پڑھیں : نوجوانوں میں کینسر کے کیسز میں خطرناک اضافہ، بڑی وجہ سامنے آگئی

انہوں نے مزید بتایا کہ الرجی بھی دمے اور رات کی کھانسی کی ایک بڑی وجہ ہے۔ بلی کے بال، کاکروچ، گرد و غبار، قالینوں اور پردوں میں موجود مائٹس، پولن اور بعض غذائیں حساس افراد میں الرجی پیدا کر سکتی ہیں، جو بعد ازاں مسلسل کھانسی یا دمے کا سبب بن سکتی ہے۔

ماہر صحت نے کہا کہ کھانسی کی درست تشخیص کے لیے مریض کی مکمل طبی تاریخ انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔ گھر کے دیگر افراد میں دمے، الرجی، نزلہ یا زکام کی موجودگی، ماحولیاتی عوامل اور غذائی حساسیت جیسے پہلو بیماری کی تشخیص میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔

انہوں نے والدین کو مشورہ دیا کہ اگر بچوں میں کھانسی بار بار ہو، رات کے وقت شدت اختیار کر جائے یا طویل عرصے تک برقرار رہے تو اسے موسمی بیماری سمجھ کر نظر انداز نہ کریں بلکہ بروقت طبی معائنہ کروائیں تاکہ کسی بھی ممکنہ پیچیدگی سے بچا جا سکے۔

Scroll to Top