خیبرپختونخوا اسمبلی نے مجموعی طور پر 121 ارب 47 کروڑ روپے سے زائد کا ضمنی بجٹ منظور کرلیا ہے جس میں جاری اور ترقیاتی دونوں مدات شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسمبلی نے جاری اخراجات کی مد میں 50 ارب 49 کروڑ روپے جبکہ ترقیاتی بجٹ کی مد میں 71 ارب 73 کروڑ روپے کی منظوری دی۔
منظور شدہ بجٹ میں مختلف محکموں کے لیے بھی اضافی رقوم شامل ہیں، محکمہ انتظامیہ کے لیے 79 کروڑ 19 لاکھ روپے، محکمہ پی اینڈ ڈی کے لیے 4 کروڑ 2 لاکھ روپے اور محکمہ مال کے لیے 32 کروڑ 36 لاکھ روپے منظور کیے گئے۔
محکمہ داخلہ کے لیے ایک ارب 38 کروڑ روپے، جیل خانہ جات کے لیے 51 کروڑ 41 لاکھ روپے جبکہ پولیس کے لیے 7 ارب 53 کروڑ روپے سے زائد کی منظوری دی گئی۔
اسی طرح ایڈمنسٹریشن آف جسٹس کے لیے 4 ارب 12 کروڑ روپے، بلدیات کے لیے ایک ارب 29 کروڑ روپے اضافی، محکمہ جنگلات کے لیے 41 کروڑ 29 لاکھ روپے اور محکمہ اطلاعات کے لیے 70 کروڑ 65 لاکھ روپے منظور ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا اسمبلی میں سابقہ فاٹا اور پاٹا میں ٹیکسوں کے نفاذ کے خلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور
سماجی بہبود کے لیے 4 ارب 43 کروڑ روپے، مقامی کونسلوں کے لیے 7 ارب 50 کروڑ روپے، ٹرانسپورٹ کے لیے ایک ارب 46 کروڑ روپے، اور ریلیف کی مد میں 7 ارب 35 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی۔
اس کے علاوہ ڈیٹ سروسنگ کے لیے 3 ارب روپے اور ضم اضلاع کے لیے 3 ارب روپے اضافی منظور کیے گئے۔





