اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات کے بائیکاٹ کے اعلان سے انتخابی عمل پر کوئی فرق نہیں پڑے گا، کیونکہ انتخابات آئین اور قانون کے مطابق اپنے مقررہ وقت پر منعقد ہوں گے اور عوام بھرپور طریقے سے اس میں حصہ لے رہے ہیں۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں انتخابی سرگرمیاں عروج پر ہیں اور تقریباً ہر حلقے میں امیدواروں کی تعداد دو ہندسوں میں ہے، جو عوام کی بھرپور دلچسپی کا واضح ثبوت ہے۔
یہ بھی پڑھیں : آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس ساتھیوں سمیت استحکام پاکستان پارٹی میں شامل ہوگئے
انہوں نے کہا کہ بائیکاٹ کا اعلان کرنے والوں کے پاس انتخابات میں حصہ لینے کے لیے امیدوار بھی موجود نہیں، اس لیے ان کے فیصلے سے انتخابی عمل متاثر ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
ان کے مطابق کسی بھی سیاسی جماعت کو انتخابات کا بائیکاٹ نہیں کرنا چاہیے، کیونکہ جمہوری نظام میں اختلافات کے باوجود عوامی عدالت سے رجوع کرنا ہی درست راستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن سے دور رہنے کا فیصلہ ان عناصر کے مؤقف کو تقویت دیتا ہے جو جمہوری عمل کے مخالف ہیں۔
رانا ثنا اللہ نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی نے بھی اسی سوچ کے تحت آزاد کشمیر کے انتخابات کا بائیکاٹ کیا، جسے انہوں نے ایک نامناسب سیاسی فیصلہ قرار دیا۔
آزاد کشمیر کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امن و امان خراب کرنے والوں کی کسی صورت حمایت نہیں ہونی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی عوامی حمایت میں مسلسل کمی آ رہی ہے، جبکہ آزاد کشمیر کے عوام پاکستان سے گہری محبت رکھتے ہیں اور دونوں کے درمیان تعلق مضبوط اور تاریخی نوعیت کا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے آزاد کشمیر اور تحریک آزادی کشمیر کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ ان کے مطابق پاکستان کشمیر کے معاملے پر تین جنگیں لڑ چکا ہے، جبکہ حالیہ معرکۂ حق میں بھی افواجِ پاکستان نے جانوں کی قربانیاں دے کر آزاد کشمیر کا دفاع کیا اور بھارت کو بھرپور جواب دیا۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ کچھ عناصر پاکستان اور کشمیری عوام کے درمیان محبت کے رشتے کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، تاہم نفرت اور تقسیم پیدا کرنے کی ایسی تمام کوششیں ناکام ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا سمیت ملک کے مختلف حصوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش پیشگوئی
سیاسی معاملات پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مختلف سطحوں پر رابطے اور بات چیت کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔ ان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف تین مرتبہ پی ٹی آئی کو ملاقات اور مذاکرات کی دعوت دے چکے ہیں، تاہم بانی پی ٹی آئی سیاسی مذاکرات پر یقین نہیں رکھتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے اپنی جماعت کے رہنماؤں کو بھی مذاکرات سے روک رکھا ہے، جس کے باعث سیاسی تعطل برقرار ہے۔
رانا ثنا اللہ نے زور دیا کہ قومی مسائل کا پائیدار حل صرف مذاکرات، سیاسی برداشت اور جمہوری عمل میں مضمر ہے، اس لیے تمام سیاسی جماعتوں کو اختلافات کے باوجود مکالمے اور انتخابی سیاست کا راستہ اپنانا چاہیے۔





