حکومتِ پاکستان کے تحت قائم قومی پیغامِ امن کمیٹی کے مختلف مکاتبِ فکر اور مذاہب کے قائدین پر مشتمل وفد نے فاروق آباد کا دورہ کیا۔ وفد نے سکھ برادری سے ملاقات کر کے بین المذاہب رواداری اور مکمل اظہارِ یکجہتی کا اعادہ کیا۔
دورے کے دوران وفد نے اس تاریخی دھرم شالہ کا بھی معائنہ کیا جس کی ایک دیوار خستہ حالی کے باعث گر گئی تھی۔ کمیٹی اور مقامی سکھ برادری نے باہمی تعاون سے اس دیوار کی فوری تعمیرِ نو کرنے اور عمارت کی تاریخی و مذہبی حیثیت کو اصل شکل میں برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
قائدین نے واضح کیا کہ فاروق آباد کی دھرم شالہ کے حوالے سے سوشل میڈیا پر کیا جانے والا پروپیگنڈا سراسر بے بنیاد ہے اور اس میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں : مردان: سکھ جوڑے کے ساتھ پیش آئے واقعے کی تحقیقات میں بڑی پیش رفت
انہوں نے زور دیا کہ آئینِ پاکستان کے تحت تمام اقلیتوں کے حقوق محفوظ ہیں اور مندر، مسجد، گوردوارہ یا دھرم شالہ سمیت کسی بھی مذہبی مقام کی ملکیت یا حیثیت کو تبدیل نہیں ہونے دیا جائے گا۔





