اسلام آباد:وزیراعظم شہبازشریف نے نوجوانوں کے لیے ہنر، زبانوں کی تربیت اور بیرون ملک روزگار کے مواقع بڑھانے کی ہدایت کی ہے۔
پیر کے روز وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے حوالے سے جائزہ اجلاس میں نوجوانوں کے لیے ملکی اور بیرون ملک روزگار کے مواقع بڑھانے، فنی تربیت اور بین الاقوامی معیار کی سرٹیفیکیشن پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بیرون ملک موجود پاکستانی سفارتخانے پاکستانی افرادی قوت کے لیے روزگار کے نئے مواقع تلاش کرنے کی رفتار تیز کریں اور مختلف ممالک میں دستیاب ملازمتوں اور مطلوبہ اہلیت سے متعلق معلومات ڈیجیٹل یوتھ ہب پورٹل پر فراہم کریں۔
انہوں نے پروٹیکٹریٹ آف امیگریشن کے تمام نظام کو ڈیجیٹائز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وزارت برائے سمندر پار پاکستانیز، نیوٹیک اور یوتھ پروگرام نوجوانوں کو ہنر، مختلف زبانوں کی تعلیم اور بین الاقوامی معیار کی سرٹیفیکیشن کی فراہمی یقینی بنائیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی افرادی قوت باصلاحیت ہے اور حکومت انہیں عالمی معیار کی تعلیم اور بین الاقوامی سطح پر روزگار تک رسائی فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ پاکستانی سرٹیفیکیشنز کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرنے کے لیے مختلف ممالک کے ساتھ روابط مزید مضبوط کیے جائیں۔
یہ بھی پڑھیں : خواتین کے حقوق کے فروغ کے لیے قومی اسمبلی سیکریٹریٹ اور خیبرپختونخوا محتسب میں اہم معاہدہ
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ جن ممالک میں پاکستانی ہنرمندوں کے لیے روزگار کے زیادہ مواقع موجود ہیں، وہاں کی زبانوں کی تعلیم اور متعلقہ سرٹیفیکیشن بھی تربیتی پروگراموں کا حصہ بنائی جائے۔
وزیراعظم نے نیوٹیک کے تحت تکنیکی و فنی تربیت کے اداروں کی کارکردگی اور کنٹری آف ڈیسٹینیشن سینٹرز کے قیام سے متعلق رپورٹ بھی طلب کر لی۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈیجیٹل یوتھ ہب میں اب تک 8 لاکھ نوجوان رجسٹر ہو چکے ہیں۔
بریفنگ کے مطابق بیرون ملک تعمیرات، زراعت، سیاحت، صحت، ٹرانسپورٹ، بائیوٹیکنالوجی، مینوفیکچرنگ، شپ بلڈنگ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، نرسنگ، دواسازی اور اشیائے خورونوش کی تیاری سمیت مختلف شعبوں میں روزگار کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ان شعبوں میں پاکستانیوں کو روزگار دلانے کے لیے تربیتی پروگرام جاری ہیں، جبکہ پاکستانی سفارتخانے مختلف ممالک میں دستیاب روزگار کے مواقع اور مطلوبہ قابلیت سے متعلق معلومات ڈیجیٹل یوتھ ہب پورٹل پر فراہم کریں گے۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء ڈاکٹر مصدق ملک، عطاء اللہ تارڑ، چوہدری سالک حسین، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، چیئرمین نیوٹیک راجا قمر الاسلام اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔





