خیبر پختونخوا میں طوفانی بارشوں کانیا الرٹ جاری، لینڈ سلائیڈنگ، فلیش فلڈ اور اربن فلڈنگ کا خدشہ

خیبر پختونخوا میں طوفانی بارشوں کانیا الرٹ جاری، لینڈ سلائیڈنگ، فلیش فلڈ اور اربن فلڈنگ کا خدشہ

پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے 11 اور 12 جولائی کو خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور موسلا دھار بارشوں کا الرٹ جاری کرتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال، سوات، دیر، شانگلہ، مانسہرہ اور کوہستان میں موسلا دھار بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا شدید خدشہ ہے، جبکہ ملاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن کے کئی ندی نالوں میں فلیش فلڈ (سیلابی ریلوں) کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی اور ایبٹ آباد کے شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے نے انتباہ جاری کیا ہے کہ تیز ہواؤں اور آسمانی بجلی کے باعث کمزور مکانات، بجلی کے کھمبوں اور کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ صورتحال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ، ریسکیو ٹیموں، بھاری مشینری اور ایمرجنسی سروسز کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار رہنے کے احکامات دیے گئے ہیں۔

پی ڈی ایم اے نے سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور دریاؤں، ندی نالوں اور پہاڑی سلسلوں کے قریب احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں غیر قانونی بھرتیاں جاری، وزیر اعلیٰ کے دعوے سوشل میڈیا تک محدود ہیں، ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن

عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بارش کے دوران بجلی کے کھلے تاروں، برساتی نالوں اور کمزور ڈھانچوں سے دور رہیں، جبکہ کاشتکار اور مال مویشی پال حضرات بھی پیشگی حفاظتی اقدامات مکمل کریں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال کی رپورٹ کے لیے پی ڈی ایم اے کا کنٹرول روم 24 گھنٹے فعال ہے، جس پر ہیلپ لائن 1700 کے ذریعے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

Scroll to Top