نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں خطے کی تازہ صورتحال اور بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے میں پیدا ہونے والی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اتفاق کیا کہ مفاہمتی یادداشت کے باوجود بڑھتی ہوئی کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے تمام فریقین پر زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کرنے اور مسائل کے حل کے لیے مذاکرات کا راستہ اختیار کرنے پر زور دیا۔
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے جاری سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا اور کشیدگی میں کمی کے لیے مکالمے کی اہمیت پر زور دیا۔
یہ بھی پڑھیں: ایران کا امریکا کے خلاف بڑا قدم، اقوام متحدہ سے احتساب کا مطالبہ
اس موقع پر اسحاق ڈار نے کہا کہ امن کے قیام کے لیے ثالثی کی کوششوں کو وقت اور مناسب موقع فراہم کیا جانا چاہیے۔
دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی امن و استحکام کے لیے سفارتی رابطے جاری رکھنے اور باہمی مشاورت برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔





