ڈیڈ لائن ختم ہوتے ہی کریک ڈاؤن تیز، چارسدہ میں غیر قانونی مقیم درجنوں افغان شہری گرفتار

ڈیڈ لائن ختم ہوتے ہی کریک ڈاؤن تیز، چارسدہ میں غیر قانونی مقیم درجنوں افغان شہری گرفتار

مختلف علاقوں میں موجودگی کی اطلاعات سامنے آ گئیں۔ انتظامیہ نے کارروائیوں کا دائرہ بڑھاتے ہوئے اطلاعات کی چھان بین شروع کر دی ہے۔

ضلعی انتظامیہ کی نگرانی میں چارسدہ میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق تازہ کارروائی کے دوران مزید 30 سے زائد افغان شہریوں کو گرفتار کیا گیا، جبکہ اس سے قبل بھی پولیس نے 47 افغان شہریوں کو حراست میں لیا تھا۔

ذرائع کے مطابق مختلف تھانوں کی حدود میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کی موجودگی کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں، تاہم بعض مقامات پر تاحال کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ متعلقہ اداروں کی جانب سے ان اطلاعات کی جانچ پڑتال جاری ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تھانہ سٹی کی حدود میں واقع رجڑ کے محلہ سلارزئی میں داود جان نامی افغان شہری اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ مقیم ہے، جبکہ اسٹیشن کورونو اور باغ کورونو کے اطراف بھی درجنوں افغان شہریوں کی موجودگی کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

اسی طرح ذرائع کے مطابق تھانہ سرڈھیری کی حدود میں بھی ایک افغان شہری اپنے خاندان کے ساتھ اسٹیشن کورونو میں رہائش پذیر ہے، جبکہ تھانہ مندنی کی حدود میں شکور گراؤنڈ، کریمو اور دیگر ملحقہ علاقوں میں بھی غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کی موجودگی کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

ذرائع نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ تمام اطلاعات کی مکمل چھان بین کی جائے اور غیر قانونی طور پر مقیم افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے ملک بھر میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی شہریوں کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت جاری کر رکھی ہے، جبکہ 10 جولائی کے بعد ایسے افراد کو ان کے آبائی ممالک واپس بھیجنے (ڈی پورٹ) کے عمل میں تیزی لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

Scroll to Top