پشاور: پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے تربیلا ڈیم سے آئندہ دو روز کے دوران اضافی پانی چھوڑے جانے کے امکان کے پیش نظر متعلقہ اضلاع کو ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق تربیلا ڈیم سے پانی کے اخراج میں اضافہ ہونے کی صورت میں دریائے سندھ میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ متوقع ہے، جس کے باعث دریا کے قریبی علاقوں میں ممکنہ صورتحال پر کڑی نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔
ادارے نے ہری پور، صوابی اور نوشہرہ کی ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری اقدامات مکمل رکھیں اور متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطہ کاری یقینی بنائیں۔
پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو دریائے سندھ کے کناروں اور نشیبی علاقوں میں صورتحال کی مسلسل نگرانی کرنے، مقامی آبادی کو بروقت آگاہ رکھنے اور کسی بھی خطرے کی صورت میں فوری کارروائی کرنے کی ہدایت کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : آئندہ چند گھنٹوں میں مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کا امکان
عوام کے لیے جاری کردہ ہدایات میں کہا گیا ہے کہ شہری دریائے سندھ کے قریب جانے سے گریز کریں، جبکہ دریا میں نہانے، کشتی رانی اور ماہی گیری سے بھی مکمل احتیاط برتیں تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے محفوظ رہا جا سکے۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ حفاظتی ہدایات پر عمل کریں اور غیر ضروری خطرہ مول لینے سے گریز کریں۔
حکام کے مطابق دریائے سندھ میں پانی کے بہاؤ کی صورتحال کو مسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے اور کسی بھی تبدیلی کی صورت میں متعلقہ اداروں کو فوری طور پر آگاہ کیا جائے گا۔





