اسلام آباد: جرمنی میں روزگار اور بہتر کیریئر کے خواہشمند پاکستانی ہنرمند افراد کے لیے اہم موقع سامنے آیا ہے، جہاں جرمن حکومت کے سرکاری پورٹل Make it in Germany پر مختلف شعبوں میں ہزاروں ملازمتوں اور ووکیشنل ٹریننگ کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔
بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے مطابق Make it in Germany جرمن حکومت کا آفیشل جاب پورٹل ہے، جسے بین الاقوامی ہنرمند اور کوالیفائیڈ پروفیشنلز کو جرمنی میں ملازمت کے مواقع فراہم کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس پلیٹ فارم پر مختلف شعبوں سے متعلق ٹارگٹڈ جاب اشتہارات اور پیشہ ورانہ تربیت کے پروگرام موجود ہیں، جن کی مدد سے پاکستانی امیدوار اپنی تعلیمی قابلیت، مہارت اور تجربے کے مطابق موزوں ملازمتیں تلاش کر سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : آئندہ چند گھنٹوں میں مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کا امکان
بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے دلچسپی رکھنے والے امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ملازمتوں، اہلیت اور درخواست کے طریقہ کار سے متعلق مکمل معلومات جرمن حکومت کے سرکاری پورٹل سے حاصل کریں اور صرف مستند ذرائع پر ہی انحصار کریں۔





