آئندہ چند گھنٹوں میں مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کا امکان

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے آئندہ ایک سے تین گھنٹوں کے دوران وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی، جہلم، چکوال، اٹک اور ملحقہ علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کے فعال ہونے کے باعث موسم میں نمایاں تبدیلی متوقع ہے، جس کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں معتدل بارش جبکہ بعض مقامات پر تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

موسمیاتی ادارے نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں، درختوں اور کھلے مقامات سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔ بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

انتظامیہ کو ممکنہ خراب موسمی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی حفاظتی اقدامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ موسم کی تازہ معلومات پر نظر رکھیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

یہ بھی پڑھیں : کوہاٹ میں شدید طوفانی بارش، مکان منہدم، 9 افراد جاں بحق، 5 زخمی

دوسری جانب گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں شدید بارشوں کے بعد سیلابی ریلوں نے مختلف علاقوں میں تباہی مچا دی ہے۔ تھور کے علاقے میں متعدد مقامات پر سیلابی صورتحال برقرار ہے، جہاں پانی اور ملبہ گھروں میں داخل ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

سیلابی ریلوں کے باعث زرعی اراضی، فصلیں اور درخت بہہ گئے، جبکہ تھور کی رابطہ سڑک کئی مقامات پر بند ہونے سے ٹریفک معطل اور بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوگئی ہے۔ مقامی انتظامیہ متاثرہ علاقوں میں صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے اور امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

Scroll to Top