حکومتِ پاکستان نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے سفر سے متعلق نئی اور اہم ہدایات جاری کر دی ہیں جن کے تحت غیر مؤثر، منسوخ یا زائدالمیعاد نائیکوپ پر پاکستان سفر کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
امیگریشن اینڈ پاسپورٹ ذرائع کے مطابق اب کسی بھی مسافر کو غیر مؤثر، منسوخ شدہ یا زائدالمیعاد نائیکوپ پر دنیا کے کسی بھی ملک سے پاکستان آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
اس سلسلے میں تمام زونل ڈائریکٹرز کو ہنگامی بنیادوں پر ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ فوری طور پر ان احکامات سے پاکستان کے لیے پروازیں چلانے والی تمام ایئرلائنز کو آگاہ کریں۔
یہ بھی پڑھیں : جعلی ورک ویزے،دبئی پولیس نے عوام کو خبردار کردیا
ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام متعلقہ حکام کو ان ہدایات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے تاکہ ایسے مسافروں کو پرواز میں سوار ہونے سے روکا جا سکے۔ یہ نئے قوانین فوری طور پر نافذ العمل کر دیے گئے ہیں۔





