لوئر دیر: لڑم ٹاپ سر پر سرچ آپریشن کے دوران پولیس اور مسلح افراد کے درمیان جھڑپ، 15 اہلکار زخمی

عبداللہ مدنی
لوئر دیر کے علاقے لڑم ٹاپ رباط درہ میں سرچ آپریشن کے دوران مسلح افراد اور پولیس کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے جس میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق 15 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔

عسکریت پسندوں نے مبینہ طور پر راکٹ لانچر سے پولیس وین کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔

ذرائع کے مطابق زخمی ہونے والے اہلکاروں میں مفتاح الدین، نصیب خان، ریحان اللہ، آصف خان (سی ٹی ڈی)، حبیب الحسن، امیر محمد، بخت بیدار، عزت اللہ، محبوب علی (سی ٹی ڈی)، شہاب، رازی محمد، جواد، نواب، لقمان بہادر اور محمد ندیم شامل ہیں۔

تمام زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال تیمرگرہ منتقل کر دیا گیا ہے جہاں شدید زخمی ہونے والے اہلکاروں کو تشویشناک حالت کے باعث مزید علاج کے لیے پشاور ریفر کیا جا رہا ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی سیاسی و سماجی شخصیات، منتخب عوامی نمائندے اور مختلف تنظیموں کے ذمہ داران بڑی تعداد میں ہیڈکوارٹر ہسپتال تیمرگرہ پہنچ گئے جہاں انہوں نے زخمی اہلکاروں کی عیادت کی اور ہسپتال انتظامیہ کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

یہ بھی پڑھیں : بنوں: تھانہ میریان پر خودکش حملہ ناکام، پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان مقابلہ جاری

اس موقع پر شہریوں سے زخمی سیکیورٹی اہلکاروں کے لیے خون کے عطیات دینے کی بھی اپیل کی جا رہی ہے تاکہ ہنگامی بنیادوں پر خون کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔

دوسری جانب پولیس ترجمان کی طرف سے واقعے کے حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ یا تفصیلی بیان سامنے نہیں آیا ہے تاہم علاقے میں سیکیورٹی فورسز کی مزید نفری طلب کر کے کارروائی کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے

Scroll to Top