پاکستان میں ہجری سال 1448 کے ماہِ صفر المظفر کا چاند نظر آ گیا ہے جس کے بعد یکم صفر کل بروز جمعرات 16 جولائی 2026 کو ہوگی۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اعلامیے کے مطابق چاند دیکھنے کے لیے زونل کمیٹی اسلام آباد کا اہم اجلاس چیئرمین مولانا عبد الخبیر آزاد کی زیر صدارت وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی اسلام آباد میں منعقد ہوا۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے اعلان کیا کہ آج ملک کے بیشتر حصوں میں مطلع صاف جبکہ چند مقامات پر ابر آلود رہا۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے مختلف علاقوں، بشمول نوکنڈی اور سندھ کے متعدد مقامات سے چاند نظر آنے کی ٹھوس اور معتبر شہادتیں موصول ہوئیں جس کے بعد اتفاقِ رائے سے چاند کی رویت کا باضابطہ فیصلہ کیا گیا۔
اس اہم اجلاس میں تکنیکی اور فنی معاونت کے لیے محکمہ موسمیات کے ڈاکٹر حسن علی بیگ، سپارکو کے شوکت اللہ خان اور وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے جوائنٹ سیکرٹری زین العابدین نے خدمات سر انجام دیں جبکہ وزارت مذہبی امور کے ڈائریکٹر حافظ عبدالقدوس اور ڈاکٹر شاہد الرحمان مارتھ نے رابطے کے فرائض نبھائے۔
اجلاس کے اختتام پر عالمِ اسلام کے اتحاد، حرمین شریفین کے تحفظ، پاکستان کی سلامتی و خوشحالی کے ساتھ ساتھ مقبوضہ کشمیر، غزہ اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی آزادی کے لیے بھی خصوصی دعا کی گئی۔





