پاکستان کی بڑی کامیابی، ورلڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کوآپریشن آرگنائزیشن کا بانی رکن بن گیا

شنگھائی میں ورلڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کوآپریشن آرگنائزیشن (WAICO) کے قیام کے تاریخی معاہدے پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی ہے جہاں پاکستان کی جانب سے نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے باضابطہ طور پر معاہدے پر دستخط کیے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، پاکستان نے اس عالمی تنظیم میں بانی رکن کی حیثیت سے شمولیت اختیار کی ہے۔ اس موقع پر پاکستان نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے شعبے میں بین الاقوامی تعاون کے فروغ کے لیے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کیا ہے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ پاکستان اس تنظیم کے دیگر رکن ممالک کے ساتھ مل کر عالمی سطح پر اے آئی کے فرق (AI Divide) کو کم کرنے کے لیے کام کرے گا۔ پاکستان کا بنیادی ہدف مصنوعی ذہانت کی جدید ترین ٹیکنالوجی تک دنیا بھر کے تمام ممالک کی منصفانہ اور مساوی رسائی کو یقینی بنانا ہے۔

اعلامیے کے مطابق پاکستان کا اصولی مؤقف ہے کہ مصنوعی ذہانت کے شعبے میں بین الاقوامی تعاون، مشترکہ ترقی اور جدید ٹیکنالوجی کا مساوی تبادلہ ہی مستقبل کی پائیدار ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔

Scroll to Top