عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کا شدید خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردو بدل کا قوی امکان آج رات بارہ بجے ہی ہے جس کے اثرات براہِ راست مقامی صارفین پر پڑ سکتے ہیں۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ کشیدگی کی وجہ سے تیل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اس وقت امریکی خام تیل (WTI) 80 ڈالر سے زائد، برطانوی برینٹ آئل 85 ڈالر سے زائد جبکہ متحدہ عرب امارات کا مربن آئل 79 ڈالر سے زائد فی بیرل پر ٹریڈ ہو رہا ہے اور عالمی منڈی کے یہی اثرات اب پاکستانی مارکیٹ منتقل ہو رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ ہفتے یا تا حال ہونے والے جائزے کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 25 روپے فی لیٹر جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 15 سے 20 روپے فی لیٹر تک اضافے کا امکان ہے تاہم اس کا حتمی فیصلہ حکومت کرے گی۔
عوام پر اضافی بوجھ کم رکھنے کے لیے حکومت پیٹرولیم لیوی میں کمی پر بھی غور کر رہی ہے اور اس سلسلے میں چار مختلف تجاویز تیار کی گئی ہیں جن پر حتمی فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔
دوسری جانب وزیراعظم نے ممکنہ قیمتوں میں اضافے کے پیش نظر مارکیٹ پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں متعدد اعلی افسران کی ترقیاں،تبادلے و تقرریاں
انہوں نے انتظامیہ کو واضح احکامات جاری کیے ہیں کہ پیٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی اور مصنوعی قلت پیدا کر کے ناجائز منافع کمانے والوں کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔





