سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کالعدم تنظیم بلوچستان لبریشن فرنٹ (بی ایل ایف) کے ترجمان میجر گہرام بلوچ کے حوالے سے وائرل ہونے والا یہ دعویٰ کہ انہوں نے پورے چاغی شہر کا محاصرہ کر کے پولیس اور لیویز ہیڈ کوارٹرز سمیت سرکاری عمارتوں پر قبضہ کر لیا ہے سراسر جھوٹا اور پروپیگنڈا نکلا ہے۔
ذمہ دارسیکیورٹی ذرائع اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اس گمراہ کن پوسٹ کی سختی سے تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ضلع چاغی میں امن و امان کی صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے اور شہر کا کنٹرول پوری طرح ریاستی اداروں کے پاس ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کےمطابق سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی یہ معلومات ایک سوچے سمجھے پروپیگنڈے کا حصہ ہیں جس کا واحد مقصد شہریوں میں خوف و ہراس پھیلانا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان آپریشن شعبان کے تحت بلوچستان میں ٹی ٹی پی اور بی ایل اے کےدہشت گردوں کو نشانہ بنا رہا ہے، دی ڈپلومیٹ رپورٹ
سیکیورٹی حکام کے مطابق چاغی میں تمام پولیس تھانے، لیویز ہیڈ کوارٹرز اور سرکاری دفاتر معمول کے مطابق کھلے ہیں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے علاقے میں پوری طرح متحرک ہیں۔ شرپسند عناصر کی جانب سے ہتھیار چھیننے اور چوکیوں پر قبضے کے دعووں میں کوئی صداقت نہیں ہے اور شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر سکیورٹی فورسز کی گرفت مضبوط ہے۔





