ایک طرف تیز ریلا، دوسری طرف پھنسی گاڑی، مالم جبہ سے تشویشناک خبر

شہزاد نوید
سوات : سوات کے علاقے مالم جبہ میں شدید بارش کے دوران برساتی ریلے میں پھنسنے والی سیاحوں کی گاڑی کو ریسکیو اہلکاروں اور ٹورزم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بحفاظت نکال لیا۔

گرین ویلی مالم جبہ میں گاڑی تیز بہاؤ والے برساتی ریلے میں پھنس گئی تھی، تاہم ریسکیو ٹیموں کی فوری کارروائی کے باعث گاڑی میں سوار تمام مسافر محفوظ رہے اور کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔

دوسری جانب بونیر میں بھی موسلادھار بارش نے موسم کا نقشہ بدل دیا، گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہوگیا۔ بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آگئی جبکہ بعض سڑکوں پر برساتی پانی جمع ہوگیا۔

بونیر میں بارش کے باعث بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی اور مختلف علاقوں میں بجلی منقطع ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیں : محکمہ موسمیات کی بارشوں کی پیشگوئی

ٹورزم پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے شہریوں اور سیاحوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مون سون کے دوران برساتی نالوں، دریاؤں اور تیز بہاؤ والے مقامات سے دور رہیں۔

انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ سفر سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال سے آگاہی حاصل کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔

Scroll to Top