مرغی اور بکرے کا گوشت دنیا بھر میں پسند کیے جانے والے گوشت میں شامل ہیں، جو پروٹین، وٹامنز اور معدنیات سے بھرپور ہونے کے باعث متوازن غذا کا اہم حصہ سمجھے جاتے ہیں۔
تاہم ماہرین غذائیت نے مون سون کے موسم میں گوشت کے استعمال میں احتیاط کا مشورہ دیا ہے، کیونکہ بارشوں کے دوران خوراک سے پیدا ہونے والے انفیکشن اور ہاضمے کے مسائل کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
ماہر غذائیت ڈاکٹر رینوکا مائنڈے کے مطابق بارشوں کے موسم میں ہمیشہ تازہ اور معیاری گوشت استعمال کرنا چاہیے، جبکہ گوشت کو اچھی طرح پکانا ضروری ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ نیم پکا یا زیادہ دیر تک کھلے ماحول میں رکھا گیا گوشت بیکٹیریا کی افزائش کا سبب بن سکتا ہے، جس سے معدے اور آنتوں کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔
چکن کے فوائد اور احتیاط
ماہرین کے مطابق چکن اعلیٰ معیار کی پروٹین کا بہترین ذریعہ ہے اور مٹن کے مقابلے میں اس میں چکنائی کم ہوتی ہے، جس کے باعث اسے ہضم کرنا نسبتاً آسان سمجھا جاتا ہے۔ یہ جسمانی طاقت اور پٹھوں کی نشوونما میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
تاہم جسم میں زیادہ گرمی، تیزابیت یا پِتّ سے متعلق مسائل رکھنے والے افراد کو چکن کا استعمال اعتدال میں کرنا چاہیے۔ ماہرین نے چکن کی جلد میں موجود زیادہ چکنائی کے باعث کولیسٹرول اور دل کے مریضوں کو احتیاط کا مشورہ دیا ہے۔
مٹن کے فوائد اور نقصانات
مٹن آئرن، زنک اور وٹامن بی 12 کا اچھا ذریعہ ہے، جو خون کی کمی دور کرنے، اعصابی نظام کی صحت اور قوت مدافعت بہتر بنانے میں مددگار ہوتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : گھر بنانے کے خواہشمند افراد کے لیے اچھی خبر، قرض کا حصول مزید آسان
دوسری جانب مٹن میں چکن کے مقابلے میں سیر شدہ چکنائی اور کیلوریز زیادہ ہوتی ہیں۔ ماہرین کے مطابق دل کے مریض، ہائی کولیسٹرول والے افراد اور وزن کم کرنے کے خواہشمند افراد کو مٹن محدود مقدار میں استعمال کرنا چاہیے۔
چکن بہتر یا مٹن؟ ماہرین نے بتا دیا
ماہرین کا کہنا ہے کہ چکن اور مٹن دونوں غذائی اہمیت رکھتے ہیں، تاہم گوشت کا انتخاب ہر فرد کی صحت، عمر اور طبی صورتحال کے مطابق ہونا چاہیے۔
زیادہ پروٹین اور کم چکنائی والی غذا کے لیے چکن بہتر انتخاب ہو سکتا ہے، جبکہ آئرن اور وٹامن بی 12 کی کمی کی صورت میں مٹن محدود مقدار میں فائدہ دے سکتا ہے۔
ماہرین نے مون سون کے دوران گوشت استعمال کرتے وقت صفائی، تازگی اور مکمل پکانے کا خاص خیال رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ ان کے مطابق مناسب مقدار میں استعمال کیا گیا چکن یا مٹن فائدہ مند ہو سکتا ہے، لیکن غیر معیاری یا ضرورت سے زیادہ گوشت صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔





