کینیڈا کی وزیر خارجہ کی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات، علاقائی سلامتی اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ملاقات کی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور پاکستان و کینیڈا کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے عالمی امن اور علاقائی استحکام کے حوالے سے پاکستان کے مؤقف سے آگاہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون اور مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔

کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلسل کوششوں اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کی بھی تعریف کی۔

یہ بھی پڑھیں : ایرانی وزیر داخلہ پاکستان پہنچ گئے

ملاقات میں دونوں فریقوں نے پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور دفاعی و سیکیورٹی شعبوں میں تعاون اور روابط کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

Scroll to Top